کینبرا(اسپورٹس ڈیسک) جوئے برنز، ٹریوس ہیڈ اور کورٹس پیٹرسن کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا کی سری لنکا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی، آسٹریلوی ٹیم نے 534 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی، برنز 180، ٹریوس ہیڈ 161 رنز بنا کر نمایاں رہے، کورٹس پیٹرسن نے سنچری سکور کی اور 114 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، فرننڈو نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 123 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 411 رنز درکار ہیں، کوسل پریرا 11 اور دھنن جایا ڈی سلوا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ہفتہ کو کینبرا ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 384 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جوئے برنز 172 اور کورٹس پیٹرسن 25 رنز پر کھیل رہے تھے، برنز 180 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد کپتان ٹم پین نے پیٹرسن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور پانچویں وکٹ میں 130 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، 534 کے سکور پر آسٹریلوی قائد نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، پیٹرسن 114 اور ٹم پین 45 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، فرننڈو نے 3 راجیتھا اور کرونارتنے نے ایک، ایک وکٹ لی۔