کراچی(پ۔ر) سابق صوبائی وزیر کھیل اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان نامزد کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ بدھ کو جاری کردہ علامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ بورڈ کا بڑا دانشمندانہ فیصلہ ہے، سرفراز سے بہتر بورڈ کے پاس کوئی اور چوائس بھی نہیں تھی جن کی قیادت میں قومی ٹیم نے بے پناہ فتوحات اپنے نام کیں اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کو نمبر ون کی پوزیشن پر پہنچایا۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے آئی سی سی کی جانب سے سرفراز پر4 میچوں کی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب متعلقہ کھلاڑی اور ان کے بورڈ نے معاف کردیا تو یہ مسئلہ ختم ہوجانا چاہئے تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گزشتہ سالوں کی طرح پی ایس ایل فور سے بھی پاکستان کرکٹ کو اچھا ٹیلنٹ برآمد ہوگا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کراچی کے کئی باصلاحیت کرکٹرز کو فرنچائز نے نظر انداز کیا۔
٭٭٭٭٭