کیویز نے بھارتی سورمائوں کو آئوٹ کلاس کردیا

ویلنگٹن (اسپورٹس ڈیسک) ٹم سیفرٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 80 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، سیفرٹ نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیویز بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، دھونی 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، سائوتھی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سیفرٹ کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی قائد روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 219 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ٹم سیفرٹ اور کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور انہوں نے ٹیم کو 86 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر کرونل پانڈیا نے منرو کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment