لاہور (اسپورٹس رپورٹر) صوبائی دارلحکومت لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں9،10 اور 12 مارچ کو کھیلے جانے والے پی ایس ایل فور کے میچوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈی آئی جی پولیس آپریشن، سیکرٹری داخلہ پنجاب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل فور کے انعقاد کے حوالے سے سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا اور ان امور کو حتمی شکل دی گئی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل فور کے انعقاد کی تیاریوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ سابقہ انتظامات میں پائی جانے والی خامیوں کو ختم کیا جائے گا۔ عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اجلاس میں قذافی سٹیڈیم کے گردو نواح میں تین پارکنگ سٹینڈ بنانے اور شائقین کو شٹل بس کے ذریعے سٹیڈیم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم قذافی سٹیڈیم کے قریب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
٭٭٭٭٭