لاہور (خبرایجنسیاں) انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کردی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں املاک کو نقصان پہنچانے اور توڑ پھوڑ کے خلاف کیس پر سماعت ہوئی۔جیل حکام نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی سمیت 7 ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج شیخ سجاد کے روبرو پیش کیا۔خادم حسین رضوی ،افضل قادری، پیر اعجاز اشرفی، فاروق الحسن، شفقت جمیل، وحید نور اور پیر ظہیرالحسن کو 4 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان پراسیکیوشن میں جمع کرا دیا ۔جبکہ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے کہا کہ خادم حسین رضوی اور دیگر کی صحت کے لیے مناسب ماحول فراہم کیا جائے ۔عدالت نے علامہ خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کر دی۔اس موقع پر انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر موجود تھی۔