لاہور (اسپورٹس ڈیسک)سابق قومی کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم کو مستقبل کا بڑا پاکستانی بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان کی طرح ورلڈ کلاس پلیئر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ ان میں اس مقام تک پہنچنے کی اہلیت واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم گزشتہ برس سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں جب انہوں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا تھا لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد انہیں پہلی مرتبہ یہ محسوس ہوا کہ ان میں ورلڈ کلاس پلیئر بننے والی تمام تر خصوصیات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم نے آنے والے عرصے میں بھی اپنے کھیل کا معیار اسی طرح قائم رکھا تو وہ باآسانی انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان جیسے بلند قامت بیٹسمینوں کی صف میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔راشد لطیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستانی ٹیم کو تینوں طرز کی کرکٹ میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔