کینبرا(امت نیوز) سڈنی تھنڈر اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ٹیمیں آخری میچز میں فتوحات کے باوجود بگ بیش لیگ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ آسٹریلیا میں جاری ایونٹ میں ہفتہ کو کھیلے گئے 54ویں میچ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے پرتھ سکارچرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی لیکن فتح کے باوجود سٹرائیکرز کی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی، پرتھ سکارچرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، اینگلس 55 اور کپتان مچل مارش 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، ویلز نے 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اسی روز کھیلے گئے لیگ کے 55ویں میچ میں ہوبارٹ ہریکنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے، جارج بیلی 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان میتھیو ویڈ 45 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔