آخری ٹیسٹ -کیربیین کیخلاف انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری

سینٹ لوشیا(اسپورٹس ڈیسک) انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا لئے تھے، 107 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد جوز بٹلر اور بین سٹوکس کالی آندھی کے بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ میں 124 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچا لیا، بٹلر 67 اور سٹوکس 62 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، کیموپال نے 2 وکٹیں لیں۔ گراس آئس لٹ میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین قائد کریگ بریتھویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 30 کے سکور پر اسے کیٹن جیننگز کا نقصان اٹھانا پڑا جو 8 رنز بنا کر کیموپال کا نشانہ بنے، روری برنز 29 رنز بنا کر کیموپال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے، جوئے ڈینلی 20 رنز بنا کر چلتے بنے، جوروٹ ایک بار پھر کپتان کی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 15 رنز بنا کر جوزف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے ۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment