ممبئی(اسپورٹس ڈیسک) بھارت نے پاکستان سے کرکٹ تعلقات کی بحالی کو دشمنی کے خاتمے سے مشروط کردیا۔ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہمیں خود کو اس مقام پر پہنچانا چاہیے جہاں بھارت خود کھیلنے کی درخواست کرے۔ اس پر بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے ایک بھارتی اخبار سے گفتگو میں کہاکہ اگر دشمنی ختم اورسیاسی تعلقات میں بہتری آئے تو ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،ایک بار اگر حالات معمول پر آجائیں تو کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی 2گزشتہ سربراہان سے مختلف مگر وہ بھی حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں، ہمارے کرکٹ تعلقات کا انحصار سیاسی کشیدگی اور دشمنی کے خاتمے پر ہے۔