دبئی(امت نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔تقریبِ رونمائی میں ایونٹ کا حصہ بننے والی تمام 6 ٹیموں کے کپتانوں، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈاکٹر وسیم خان وسیم خان شریک ہوئے۔قبل ازیں پریس کانفرنس میں تمام کپتانوں نے ٹائٹل پر قبضہ جمانے کا عزم ظاہر کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ برس میں منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار جاتے رہے، اس بار مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشنز میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کا ٹیگ اتارنے کی کوشش کریں گے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا پی ایس ایل تھری میں انجری کی وجہ سے پورا ٹورنامنٹ نہیں کھیل پایا تھا، اس بار وسیم اکرم کی رہنمائی میں ٹائٹل کا خواب پورا کریں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔