دبئی(امت نیوز) آسٹریلیا کے پیٹ کمنز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بائولر بن گئے، وہ 13 برس بعد ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے والے پہلے آسٹریلوی بائولر بن گئے ہیں، اس سے قبل 2006ء میں گلین میگراتھ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا، کمنز نے کگیسوربادا سے ٹاپ پوزیشن چھینی ہے، بلے بازوں میں ڈی کوک اور فاف ڈوپلیسی ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، کوسل پریرا 58 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 40ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور سرفہرست ہیں۔ اتوار کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، ڈی کوک 4 اور ڈوپلیسی 7 درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 8ویں اور 10ویں نمبر پر آ گئے، سری لنکن بلے باز دیمتھ کرونارتنے نے بھی ایک سیڑھی چڑھ کر ڈوپلیسی کے ساتھ دسویں پوزیشن شیئر کر لی، ہاشم آملہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر چلے گئے۔
٭٭٭٭٭