کراچی/راولپنڈی/کوئٹہ(امت نیوز) رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات کو برسات کا نیا سسٹم ایران سے داخل ہوگا ،جس کے بعد ایک دو روز میں کراچی میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں رم جھم سے موسم سرد ہو گیا۔لاہور میں صبح ہوتے ہی سرمئی بادل چھا گئے ،جس کے بعد مال روڈ اور ڈیوس روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہو گئی ۔راولپنڈی،اسلام آباد میں بھی بارش ہوئی ادھر بلوچستان میں بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے ،جو کہ مذید 2 دن جاری رہنے کا امکان ہے ،جس سے بعض علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جبکہ پشین، قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ اور دیگر اضلاع میں بوندا باندی سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2، زیارت میں منفی 6، قلات میں منفی 4، ژوب میں 15، تربت میں 11، پسنی اور گوادر میں 12، سبی میں 2 جبکہ خضدار اور نوکنڈی میں 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔