کراچی(عبداللہ رند) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا، ورلڈ کپ کے میچز 1992 ورلڈ کپ کے فارمیٹ کے تحت رکھے گئے ہیں، 2019 کے ورلڈ کپ جہاں نئے چہرے متعارف کرائے جائیں گے وہیں کچھ پرانے لیجنڈ کھلاڑی اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے 1996 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا جس کے بعد وہ ریٹائر ہوجائیں گے۔شعیب ملک کے علاوہ امکان ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے 2 فاسٹ بولر وہاب ریاض اور سہیل تنویر بھی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ بھی 2019 میں اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم وہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں وہ ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں کیوی ٹیم نے انہیں ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی سیریز ابھی کھیلی جانی ہے۔ویسٹ انڈیز بلے باز کرس گیل نے بھی ورلڈ کپ کے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
٭٭٭٭٭