پاکستان سے میچ-کوہلی نے فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا

نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور حکومت انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی پوری بھارتی ٹیم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر غور شروع کردیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف ہفتے کو شیڈول پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہمارے دل پلواما میں مارے جانے والے جوانوں کے ساتھ ہیں،ہم ہر اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں جو عوام چاہے گی اور کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہوگا۔یاد رہے کہ پلواما حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور سیاست دان پاکستان کے خلاف ہرزہ سرئی میں حد سے بھی آگے بڑھ گئے ہیں اور کئی سابق کرکٹرز نے بھی پاکستان کے خلاف کرکٹ میچز کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے ، پاکستان کے خلاف زہرافشانی کرنے والوں میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی بھی شامل ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے ہی نہ کرانے کا مطالبہ کرڈالا ہے۔گزشتہ روز سارو گنگولی نے آئی سی سی میں بھارتی چوہدراہٹ کے زعم میں کہا تھا کہ ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، تمام ٹیمیں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں، اگر بھارت ایک ٹیم کے ساتھ نہ کھیلے تو اس سے میگا ایونٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اگر بھارت ورلڈ کپ میں حصہ نہ لے تو آئی سی سی کو ضرور دھچکا لگے گا۔ ذاتی طور پر میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو ایک بھرپور پیغام ضرور جانا چاہیے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment