شارجہ(امت نیوز) پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے بارہویں میچ میں لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں صرف 143 رنز ہی بناسکی جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن واٹسن پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر راحت علی کا شکار بن گئے۔ریلی روسوو کی ہمت بھی 17 رنز پر جواب دے گئی اور عمر اکمل بھی 9 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ ڈیرن اسمتھ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم اوپننگ بلے باز احسن علی وکٹ پر ڈٹے رہے اور 40 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔بعد ازاں کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بڑی شارٹس مارنے کے بجائے سنگل ڈبل کے ذریعے رن ریٹ کو برقرار رکھا اور اس دوران نے قسمت نے بھی دونوں کو بھرپور ساتھ دیا، لاہور قلندرز نے 3،4 رن آوٹ ضائع کرکے میچ کوئٹہ کے لیے آسان کردیا، محمد نواز 19 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے، ڈیوڈ ویزے نے پہلی ہی گیند پر انور علی کو بولڈ کردیا، آخری گیند پر جیت کے لیے 3 رنز درکار تھے، سرفراز احمد نے چھکا رسید کرکے لاہور قلندرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
٭٭٭٭٭