شارجہ (امت نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ گئیں اور اب لاہور قلندرز کے کھلاڑی کے مکمل تندرست ہونے کی خبریں گردش کرہی ہیں۔ لاہور قلندرز کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور کوئٹہ کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں انہیں کمر میں معمولی کچھاؤ کی وجہ سے آرام دیا گیا تھا لیکن وہ اگلے میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ابھرتے ہوئے باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی آرام دیا گیا تھا تاکہ وہ مستقبل کے میچز کے لیے مکمل فٹ رہے۔ تاہم لاہور قلندرز میں شامل برینڈن ٹیلر پنڈلی کے پھٹے میں انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں اور وہ مزید لیگ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
٭٭٭٭٭