کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی کوچ عمران خان نے کہا ہے کہ قومی آرچری چیمپئن شپ سے ثابت ہوگیا کہ ملک میں آرچری کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کو تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں تو کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام اور سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے تعاون سے 7ویں قومی آرچری چیمپئن شپ کراچی میں جاری ہے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، کسٹمز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور فاٹا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭