اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) اسلام آباد میں رواں سال ہونے والے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس اے) ایونٹس میں شرکت کےلئے انٹری کی آخری تاریخ 5 مارچ مقرر کر دی گئی۔ پاکستان سکوئش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر سکوارڈن لیڈر عامر اقبال نے بتایا کہ ایونٹس میں شرکت کےلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 6 ممالک کے غیر ملکی کھلاڑیوں جن میں ملائشیائ، مصر، ہانگ کانگ، ایران، امریکا اور انگلینڈ شامل ہیں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے ایونٹس میں شرکت کےلئے انٹری کی آخری تاریخ 5 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس اے) نے 3 بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے۔ تینوں ایونٹس اپریل میں اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ایونٹ چیف آف دی ایئر سٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ برائے مینز یکم سے 5 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کےلئے 30 ہزار ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس ایونٹ کے ساتھ پی ایس اے ویمنز سکواش ایونٹ بھی انہی تاریخوں میں کھیلا جائے گا۔ ہواوے انٹرنیشل سکواش ٹورنامنٹ برائے مینز 6 سے 10 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ کی انعامی رقم 20 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭