سینٹ جارج (اے پی پی)انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز نے رنز کے انبار لگادیئے۔ ایک ون ڈے میں دونوں ٹیموں نے کل 808 رنز اسکور بورڈ میں سجائے۔یوں انگلینڈ نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 29 رنز سے ہرا دیا۔ انگلینڈ کے جوز بٹلر اور کپتان آئن مورگن کی سنچریاں، ہیلز اور بائرسٹو کی نصف سنچریاں اور عادل رشید کی عمدہ بائولنگ نے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ویسٹ انڈین کرس گیل کی 162 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے جوز بٹلر اور کپتان آئن مورگن کی سنچریوں، ہیلز اور بائرسٹو کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 419 رنز کا ہدف دیا۔ جوز بٹلر 150، کپتان آئن مورگن 103، ہیلز 82 اور بائرسٹو 56 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 48 ویں اوورز میں 389 بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عادل رشید نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 ویں اوورز میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے چار کھلاڑی آئوٹ کرکے فتح اس کے منہ سے چھین لی۔
٭٭٭٭٭