دبئی(اسپورٹس ڈیسک)اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ایک مسابقتی لیگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں کرکٹ اعلیٰ معیار کی ہوتی ہے، اس کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔ان خیالات کا اظہار اے بی ڈی ویلیئرز نے ایک انٹرویومیں کیا۔جنوبی افریقی کپتان نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بننے پر انہیں بے حد خوشی ہے، یہاں سنسنی خیز اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلی جاتی ہے، جبکہ یہاں کرکٹ کھیلنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔پی ایس ایل میں اپنی ٹیم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ وہ اس ٹیم کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا، سمین رانا اور کوچنگ اسٹاف سمیت تمام کھلاڑی بہت اچھے دوست ہیں، اور سخت محنت کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کامیابی حاصل کرے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ لاہور میں اپنے مداحوں سے کیا کہنا چاہیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ قلندرز کے مداح ہم سے اچھی کرکٹ کی توقع رکھتے ہیں، اور امید ہے کہ ہم قذافی اسٹیڈیم میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔انہوں نے لاہور میں کرکٹ شائقین سے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں قلندرز کے میچز کے دوران قذافی اسٹیڈیم کا رخ کریں اور انہیں سپورٹ کریں۔ پاکستان میں اپنی یادوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 2007 میں جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے دوران ملتان میں ہونے والا ون ڈے میچ ان کی زندگی کا پاکستان کے خلاف سب سے مشکل ترین میچ تھا۔
٭٭٭٭٭