اسلام آباد/ لاہور/ مظفر آباد/ امرتسر (نمائندہ امت/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو خیرسگالی پالیسی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔ ابھی نندن نے بھارت روانگی سے قبل اپنے دوسرے ویڈیو بیان میں پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کی تباہی کے بعد لوگوں سے پاک فوج کے جوانوں نے مجھے بچایا۔ پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل ہے۔ میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا اور میں بہت متاثر ہوں۔ نندن کی حوالگی سے قبل واہگہ بارڈر پر بھارت کو ذلت اٹھانا پڑی اور بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران کو کئی گھنٹے انتظار میں کھڑا رہنا پڑا۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ بھارتی پائلٹ کو عزت سے قید میں رکھا گیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق بھارتی گولہ باری سے 5افرادشہید اور25سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 8گھرتباہ ہوئے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ادھر نندن کے بھارت پہنچنے پر بھارتی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھاکہ پائلٹ کی واپسی پر خوشی ہوئی اسے میڈیکل چیک اپ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکورٹی حصار میں واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ بھارتی پائلٹ کے استقبال کے لیے ایئر وائس مارشل آرجی کپور سمیت بھارتی فضائیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔گرفتار بھارتی پائلٹ کے ہمراہ بھارتی سفارت خانے کے عملے کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انتہائی سخت سیکورٹی اقدامات کیے گئے، جبکہ جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک مختلف مقامات پر سیکورٹی اہلکار تعینات تھے۔پاکستان میں تعینات بھارتی ایئر اتاشی بھی اپنے پائلٹ کے ہمراہ بھارت روانہ ہوگئے۔ بھارتی حکومت نے سرحد پر اپنی جانب پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب منسوخ کرتے ہوئے بھارتی شہریوں کو شرکت سے روک دیا جبکہ پاکستان میں یہ تقریب معمول کے مطابق ہوئی۔ابھی نندن کو بھارت حوالے کرنے کے لئے شیڈول کے مطابق واہگہ پہنچایا گیا لیکن پریڈ کے باعث ابھی نندن اور سرحد کے دوسری جانب بھارتی حکام کو انتظار کرنا پڑا۔ اس صورتحال پر بھارت کو سخت خفت اٹھانا پڑی بھارتی میڈیا اپنی سبکی چھپانے کے لئے پروپیگنڈہ کرتا رہا کہ پاکستان نے ابھی نندن کو واہگہ سرحد پر لانے میں جان بوجھ کر تاخیر کی، تاکہ پریڈ کے بہانے اس کا تماشا بنایا جاسکے۔ پاکستان دنیا کو دکھانا چاہتا ہے کہ وہ بہت امن پسند ہے۔قبل ازیں بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی حکام نے انہیں پائلٹ حوالگی سے متعلق باضابطہ طور پر مطلع کیا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے گرفتار پائلٹ کی حوالگی کےلیے سفری دستاویزات مکمل کیں۔ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے لیے اسلام آباد سے لاہور لایا گیا، جہاں اسے براستہ واہگہ بارڈر بھارت کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ڈی کوریین بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو لے کر بھارت روانہ ہوئے۔ پائلٹ کی بی ایس ایف حکام کو حوالگی کے وقت وزارت خارجہ، ایف آئی اے، رینجرز، کسٹمز، سول و فوجی حکام موجود تھے جبکہ پاکستان میں بھارتی سفارتخانے کے لوگ بھی واہگہ بارڈر پر موجود تھے۔ سفارتی عملے نے پائلٹ کی صحت اور صحیح سلامت ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ عملے میں جوائے تھامس کورین، اشوک کُمار، ناریش کُمار اور گورکھ شرما شامل تھے۔ اس موقع پر واہگہ بارڈر پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔پائلٹ حوالگی کے موقع پر بھارت کی جانب واہگہ بارڈر پر عوام کو نہیں دیکھا گیا، تاہم پاکستان کی طرف کافی رش تھا۔ بھارت کی جانب واہگہ بارڈر پر پریڈ بھی منسوخ کر دی گئی جبکہ پاکستان کی جانب پریڈ اور پرچم اُتارنے کی تقریب معمول کے مطابق ہوئی۔دریں اثنا گرفتار بھارتی پائلٹ کا ایک اور ویڈیو بیان جاری کردیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں ٹارگٹ تلاش کر رہا تھا۔ اسی دوران پاکستان ایئر فورس نے میرا طیارہ گرا دیا۔ مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا، جو ٹوٹ گیا تھا، طیارہ ہٹ ہوا تو میں نے خود کو طیارے سے باہر نکالا، لیکن لوگوں کے ہجوم نے مجھے گھیر لیا انہوں نے کہا کہ جب میرا پیراشوٹ کھلا نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی، لوگ بہت زیادہ تھے، بچاؤ کا ایک ہی راستہ تھا، پستول گرائی اور بھاگنا شروع کردیا، پاک فوج کے دو جوانوں نے مجھے بچایا اور اپنے یونٹ لے گئے۔ دونوں جوانوں میں سےایک کپتان بھی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے یونٹ میں فرسٹ ایڈ دی اوراسپتال لے جایا گیا، پاک فوج بہت پروفیشنل ہے۔ ان سے بہت متاثر ہوا، ابھی نندن کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو آگ اور مرچ لگا کر پیش کرتا ہے۔ ابھی نندن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل سروس ہے، میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا اور میں بہت متاثر ہوں۔ ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا۔ ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کیے جانے کے بعد جاری بیان میں ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو 27فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کا مگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا، جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لیے امن کی علامت کے طور پر انہیں بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
٭٭٭٭٭