نئی دہلی(امت نیوز)پائلٹ ابھی نندن سے بدسلوکی پر بھارتی فوجی افسران بد دل ہو گئے اور ان کا مورال مزید ڈائون ہو گیا۔میسوں اورباہمی رابطوں میں ساتھی افسر سے حکومتی سلوک موضوع بحث بن چکا ہے۔ فضائیہ کے افسران نے مودی حکومت پر سیاست کا الزام لگاتے ہوئے اس مؤقف کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں قیدکے دوران ابھی نندن کو ہیرو اور دہلی پہنچنے پر زیرو بنا دیا گیا۔ جدید طیارے نہ ہونے کےاعتراف کے باوجود ایئر فورس افسران کو قربانی کا بکرا بنایاجارہا ہے۔ دوسری جانب ابھی نندن تاحال بھارتی ایجنسیوں کی تحویل میں ہے۔اس پراہم راز اگلنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور ’’ چپ‘‘ کی تلاش میں جسم تک کھنگال دیا گیا ہے۔ پائلٹ کے والد ریٹائرڈ ایئر مارشل ایس ورتمان نے بیٹے سے ملنے کی اجازت نہ دینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ابھی نندن کو طبی بنیاد پر ملازمت سے نکالنے کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد مار گرائے جانے والے مگ طیارے کے پائلٹ اسکواڈرن لیڈرابھی نندن کی واپسی کے بعدکئے جانے والے حکومتی سلوک سے بھارتی فوجی افسران بد دل ہو گئے اور ان کا مورال مزید ڈائون ہو گیا ہے۔ ابھی نندن تاحال بھارتی ایجنسیوں کی تحویل میں ہے۔ اس پر شک ہے کہ اس نے پاکستان میں قید کے دوران بھارتی افواج سے متعلق کہیں اہم راز نہ اُگل دئیے ہوں۔ پائلٹ سے جواب طلبی کی جا رہی ہے کہ اس نے پاک فوج کے حق میں کیوں ویڈیو بیانات ریکارڈ کروائے؟فیملی ذرائع کا کہناہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں ابھی نندن پر دباؤ ڈال رہی ہیں کہ وہ آئی ایس آئی کے خلاف ویڈیو بیان ریکارڈ کرائے اور پاکستان میں ریکارڈ کئے گئے اپنے بیانات کو دھمکیوں اور دباؤ کا نتیجہ قرار دے کر لاتعلقی کا اظہار کرے۔ذرائع کے مطابق 36 گھنٹےگزر جانے کے باوجود ابھی نندن ایجنسیوں کی فرمائش پر عمل نہیں کررہا تھا ،جس کی وجہ سے اسے بھارتی میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی سیکورٹی حکام نے پروگرام بنایا تھا کہ ہفتے کی صبح ہی ابھی نندن کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ جنگ شروع کی جائے گی ،لیکن وہ اتوار کی رات تک ابھی نندن کوقائل کرنے میں ناکام رہے۔ابھی نندن کے مختلف قسم کے طبی اور سیکورٹی ٹیسٹ لیے جارہے ہیں اور اسے اپنے خاندان والوں سے بھی صرف چند منٹ ملنے دیا گیا۔ابھی نندن کے والد ریٹائرڈ ایئر مارشل ایس ورتمان نے بیتے سے ملاقات نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے بھارت میں کیے جانے والے ٹیسٹ اور ایم آر آئی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ابھی نندن کی ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے پر چوٹ آئی جو ممکنہ طور پر طیارے سے چھلانگ لگانے کے دوران لگی۔ طیارہ تباہ ہونے کےبعد ابھی نندن آزاد کشمیر کے علاقے میں گرا جہاں مقامی افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق ابھی نندن کی پسلی پر بھی زخم کا نشان ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی کے آرمی اسپتال میں ابھی نندن کے مزید ٹیسٹ اور طبی معائنے ہوں گے اور اسے مزید10 روز اسپتال میں رکھا جائے گا۔یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ پاکستان میں اترنے کے بعد جب ابھی نندن پر تشدد ہوا تو اس کی پسلی توڑ دی گئی حالانکہ اس سے پہلے ایسی کوئی خبر نہیں آئی تھی اور اگر ایسی بات ہوتی تو بھارت پاکستان پر تشدد کا الزام لگاتا لیکن ابھی نندن نے خودبھی ایسا الزام نہیں لگایا۔اطلاعات ہیں کہ طبی بنیادوں پر ابھی نندن کو ملازمت سے ہی فارغ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔اس کا ایم آئی آر اسکین کرکے یہ بھی دیکھا گیا کہ کہیں اس کے جسم میں کوئی چپ تو نہیں لگائی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی نندن کے طبی معائنے میں کسی پوشیدہ جاسوسی آلے کی موجودگی نہیں ملی۔ دہلی میں موجود ‘‘امت ’’کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسکواڈرن لیڈر سے کیا جانے والا حکومتی سلوک میسوں اور بھارتی فوجی افسران کے باہمی رابطوں میں موضوع بحث بن گیا ہے اور انکا مورال مزید ڈائون ہو چکا ہے۔ فضائیہ کے افسران نے مودی حکومت پر سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے اس مؤقف کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں قیدکے دوران ابھی نندن کو ہیرو اور دہلی پہنچنے پر زیرو بنا دیا گیا۔ جدید طیارے نہ ہونے کےاعتراف کے باوجودانہیں قربانی کا بکرا بنایاجارہا ہے۔ دوسری جانب بالاکوٹ حملے کا ثبوت مانگنے والی اپوزیشن کے خلاف مودی ہزیان میں مبتلا ہوگئے۔ پٹنہ میں انتخابی ریلی سے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم نے کہاکہ مبینہ سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندستانی فضائیہ کے حملے پر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتیں ثبوت مانگ کرنہ صرف فوج کا حوصلہ توڑرہی ہیں بلکہ اس معاملہ پر الگ آواز میں بات کرکے پاکستان کو خوش بھی کررہی ہیں، جسے ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔انہوں نے کہااپوزیشن کی باتیں اور تصاویر پاکستان میں ٹی وی پر دکھائی جارہی تھیں، جس سے وہاں تالیاں بجائی جارہی تھیں ۔مودی نے بھارتی فضائیہ کے پاس جدیدطیارے نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر آج ہمارے پاس رافیل طیارے ہوتے تو صورتحال مختلف ہوتی۔ امیتھی میں جلسے سے خطاب میں مودی نے مضحکہ خیز اعلان کیا کہ بھارتی افواج کو جدید کلاشنکوفیں دی جائیں گی اور روس کے تعاون سے کارخانہ بحال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی دفاعی ماہرین اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ سالانہ اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدنے کے باوجود بھارت کے ہتھیار ناقص اور فوج انتہائی کمزور ہے۔
٭٭٭٭٭