لاہور (امت نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی ایونٹ کو پاکستان میں کامیاب بنانے کے لیے بھی پرامید ہیں۔پی ایس ایل کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی، ڈیوین براوو، ویوین رچرڈز کراچی میں شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی ایس ایل کراچی آرہی ہے اور میں اس کے لیے بہت پرجوش ہوں، میرا یہی پیغام ہے کہ شائقین بڑی تعداد میں میدانوں کا رخ کریں اور ہمیں سپورٹ کریں۔خیال رہے کہ ڈیرن سیمی اور ان کے ہم وطن ڈیرن براوو پی ایس ایل کا حصہ ہیں اور دونوں ہی 2 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنے والے ڈیوین براوو 13 سال قبل پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، تاہم اب وہ بھی پی ایس ایل کے دیگر میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ڈیوین براوو کا کہنا تھا کہ میں بذات خود پاکستان جانے کا انتظار کر رہا ہوں اور اس حوالے سے بہت اچھا بھی محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میرے بہت شائقین موجود ہیں، اب چاہیں ہم کراچی میں کھیلیں یا پھر لاہور میں کھیلیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی راہ پر گامزن ہے اور امید ہے کہ شائقین گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرنے کے لیے میدانوں کا رخ کریں گے۔ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر سر ویوین رچرڈز نے کہا کہ وہ دورہ پاکستان سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔
٭٭٭٭٭