لاہور (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت پاکستانی کرکٹرز کو ویزوں کے اجراء کی یقین دہانی تحریری صورت میں نہیں کراتا تو اس سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لی جائے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کہا ہے کہ اگر بھارت پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ویزوں کے اجراء کی پیشگی اور تحریری ضمانت نہ دے تو بھارت سے میگا ایونٹ کی میزبانی واپس لی جائے۔آئی سی سی نے دونوں ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کی ویزوں کی ضمانت سے مشروط کر دی ہے۔بھارت نے 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2023 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔پاکستان کے اعتراض پر آئی سی سی نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ نومبر تک اپنی حکومت سے تحریری یقین دہانی حاصل کر کے آئی سی سی کو بتائے ورنہ آئی سی سی میزبانی کسی اور ملک کو دینے پر غور کرسکتا ہے۔
٭٭٭٭٭