لاہور(خبر ایجنسی) قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے سے مسائل تو سامنے آئیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ضرور ملنا چاہیے۔ابوظہبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کے بعد فرنچائز کے ڈائریکٹر وقاریونس سے سوال کیا گیا کہ مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد آپ کی ٹیم میں شامل قومی کھلاڑی شاداب خان، فہیم اشرف، حسین طلعت اور آصف علی تھکاوٹ کا شکار نظر آ رہے ہیں اور یہ کھلاڑی ورلڈ کپ پلان کا بھی حصہ ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ ان کے خیال میں سلیکٹرز پی ایس ایل کی بنیاد پر ٹیم منتخب نیںکریں گے اور ورلڈ کپ کیلئے 18 سے 20 کھلاڑی پہلے ہی ان کے ذہن میں ہوں گے، پی ایس ایل کی فرنچائزز کے مالکان بھاری سرمایہ کاری کرتے اور توقع رکھتے ہیں کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں لیکن کبھی کبھی محسوس ہوتا ہے کہ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہیں، شاہین شاہ آفریدی کے فٹنس کے مسائل سامنے آئے۔
٭٭٭٭٭