لاہور(امت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے پاکستانی بہو ہونے کا حق ادا کردیا۔شنیرا اکرم نے پاکستان میں پی ایس ایل کی بحالی کی خوشی میں ٹویٹر پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر کے نامور کرکٹر ہماری سر زمین پر قدم رکھ رہے ہیں اور ان کی یہ آمد نہ صرف کرکٹ کھیلنے کے لیے ہے بلکہ دنیا کو یہ بتانے کے لیے ہے کہ پاکستان اس قابل ہے،شنیرا اکرم نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی کرکٹراب ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے جوکہ ایک کھیل سے بھی زیادہ بڑھ کر ہے اور یہ ہمارے ملک پاکستان کے مستقبل کے لیے بہت بڑی شراکت ہے۔واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنی پہلی اہلیہ ہما اکرم کے انتقال کے بعد 2013میں آسٹریلین نژاد شنیرا سے شادی کی تھی جن کی ایک بیٹی بھی ہے۔شنیرا اکرم اکثر پاکستان سے محبت کا اظہار بھی کرتی رہتی ہیں اور پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں کو بھی جواب دینے میں پیش پیش رہتی ہیں۔
٭٭٭٭٭