کینبرا (امت نیوز) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کیلئے 15 رکنی آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی 15 رکنی آسٹریلوی ٹیم آیرون فنچ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ الیکس کیرے اور پیٹ کمنز مشترکہ طور پر نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر مچل سٹارک فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ بال ٹیمپرنگ میں ایک سال کی سزا پانے والے سابق کپتان سٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو پاکستان کے خلاف سیریز میں شامل کیا جائے گا تاہم سلیکٹرز نے دونوں کھلاڑیوں پر اعتماد نہ کرتے ہوئے انہیں شامل نہیں کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ 28 مارچ کو پابندی ختم ہونے کے باوجود سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر ٹیم کو دستیاب نہیں، دونوں کھلاڑی فٹنس کی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭