نئی دہلی(امت نیوز)پاکستانی غباروں اور ڈرونز نے بھارتی فضائیہ کو چکرا دیا۔ بھارت کا میڈیاراجستھان میں2ڈرونز گھسنے کا واویلامچاتا رہا۔ گائوں میں ایک بم بھی گروا دیا۔ گنگا نگر کے علاقے میں انڈین ایئر فورس مسلسل پریشانی کا شکار ہے ،جبکہ پاکستانی سرحد کی طرف سے اڑائے گئے غباروں کو بدحواسی میں جنگی طیارہ سمجھ کرسخوئی جہاز بھیج دئیے ۔ نااہل بھارتی پائلٹ غباروں کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے اور سیکڑوں گولیاں فائر کرنے کے بعد میزائل داغ دیا۔اس واقعے سے بھارتی ریڈار نظام کی قلعی بھی کھل گئی، جبکہ خبر کو نمایاں کر کے بیوقوف بھارتی میڈیا جشن مناتا رہا۔ دوسری جانب بی جے پی انتخابی مہم میں پائلٹ ابھی نندن کی تصاویر استعمال کر رہی ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن نے 11اپریل سے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ،لیکن مجاہدین کے خوف سے مقبوضہ کشمیر میں الیکشن ملتوی کردئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار نیوز نیشن نے راجستھان میں اتوار کو شام سات بجے دو پاکستانی ڈرونز گھسنے کا واویلا مچاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گنگا نگر کے علاقے میں گھر میں ایک بم بھی گرا ہے ،جو پھٹ نہیں سکا۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ ہفتے کو بھی سخوئی طیاروں نے ایک پاکستانی ڈرون گرا دیا تھا۔ گنگا نگر کے علاقے میں مسلسل پریشانی کا شکار بھارتی فضائیہ کو غباروں نے بھی چکرا دیا ،جو پاکستانی سرحد کی طرف سے اڑائے گئے تھے۔6 غبارے ایک ساتھ باندھے گئے تھے اور ان پر ہیپی برتھ ڈے لکھا ہوا تھا۔ بھارتی فضائیہ نے انہیں پاکستانی جنگی طیارہ سمجھ کراپنے سخوئی30 جہازبھیج دئے۔بھارتی پائلٹ بھی نہیں جان پائے کہ وہ طیارہ نہیں ،بلکہ غبارے ہیں۔ نااہل پائلٹوں نے غباروں پر پہلے سیکڑوں گولیاں چلائیں ،لیکن انہیں نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ بعد ازاں تنگ آ کر25 روپے والے غباروں پر لاکھوں ڈالر مالیت کا میزائل مار کر انہیں پھاڑ دیا۔اس کے بعد بھارتی فضائیہ نےحکومت کو اطلاع دی کہ اس نے پاکستانی جہازمارگرایا ہے۔ اس واقعے سے پاکستانی سرحد پر نصب اسرائیلی ساختہ ریڈار نظام کی قلعی بھی کھل گئی، جوغباروں اور طیارے میں تمیزنہ کر سکا، بے وقوف بھارتی میڈیا اپنی فضائیہ کی کامیابی پرجشن مناتا رہاتاہم بعد ازاں اطلاع دی کہ پاکستانی غبارے فضا میں 8 کلومیٹر کی بلندی پردیکھے گئے ،جس پر پہلے سے چوکس بھارتی فضایہ کے سخوئی طیارے فورا پہنچ گئے اور سیکڑوں رائونڈ فائر کئے ،بعد ازاں میزائل سے انہیں گرادیا۔ غبارے گرنے کے مقام پر پولیس بھی پہنچ گئی اور دعویٰ کیا کہ ایک غبارے کے اندر سے کچھ مواد ملا ہے ،جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی نے اپنی انتخابی مہم میں پائلٹ ابھی نندن کی تصاویراستعمال کرنا شروع کردی ہیں اور جنگی جنون میں اضافہ کرتے ہوئے عوام سے ڈیڑھ کروڑ ڈالر چندہ بٹورنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ مودی حکومت نے گزشتہ برس ’انتخابی بانڈ‘ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا ،جس کے ذریعے کاروباری ادارے اورلوگ ذاتی طور پر بغیر اپنی شناخت ظاہر کیے ،سیاسی جماعتوں کو چندہ دے سکیں گے ،تاہم بھارتی الیکشن کمیشن نے بی جے پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں پر انتخابی مہم میں فوجی افسران یا طیاروں کی تصاویر کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے پائلٹ کی تصاویر لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم میں اہلکاروں کی تصاویر استعمال کرنے سے روکا جائے۔ علاوہ ازیں بھارتی الیکشن کمیشن نےعام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ووٹنگ11اپریل کو شروع ہوکرسات مرحلوں میں مکمل ہو گی اورنتائج کا اعلان 23 مئی کو ہوگا تاہم بھارتی حکومت نے مجاہدین کے خوف سے مقبوضہ کشمیر میں الیکشن ملتوی کر دئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فی الحال مقبوضہ کشمیر میں صرف پارلیمانی انتخابات ہوں گے جس میں 6 حلقے ہیں۔بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں صدر راج جاری رہے گا۔ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ 2014 میں ایک بڑے سیلاب کے باوجود ریاستی اسمبلی کے انتخابات وقت پر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ 1996 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات وقت پر نہیں ہو ں گے۔