لاہور (ایجنسیاں) فاسٹ بالر وہاب ریاض کا نام ٹیم کے اعلان سے چند گھنٹے قبل نکال کر 18 برس کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر محمد حسنین کو شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 33 سال کے وہاب ریاض کا نام ٹیم کے اعلان سے چند گھنٹے قبل نکال کر 18 سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد حسنین کو شامل کرنے کے سبب باہر کیا گیا،کوئٹہ گلیڈی ائیڑ کے لیے پاکستان سوپر لیگ 2019 میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد حسنین کو اپنی تیز رفتار بولنگ کے سبب خاص توجہ ملی۔طلاعات کے مطابق کوچ مکی آرتھر نوجوان فاسٹ بالر کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے تاہم پی سی بی سے اپنی بیشتر باتیں منوانے والے آرتھر کو اس حوالے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ کوچ مکی آرتھر ورلڈ کپ اسکواڈ میں 5 فاسٹ بولرز شامل کرنے کے حق میں ہیں اور اس اعتبار سے آسڑیلیا سیریز میں وہ جنید خان اور وہاب ریاض کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینا چاہتے تھے، متعدد بار فٹنس مسائل کا شکار رہنے والے جنید خان سے مکی آرتھر زیادہ خوش نہیں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ بائیں ہاتھ کے تیز بولر اپنی فٹنس کے حوالے سے مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی سے باتیں چھپاتے ہیں۔دوسری جانب عثمان خان شنواری کے بھی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات بہت معدوم ہیں، اطلاعات ہیں کہ آسڑیلیا کے خلاف سیریز میں روانگی سے قبل یا پھر دوران سیریز وہاب ریاض کو بلانے کی بھی تجویز زیر غور ہے ۔
٭٭٭٭٭