آسٹریلیا سیریز کیلئے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ نہ ہونے کا امکان

کراچی (امت نیوز) آسٹریلیا کیخلاف امارات میں ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے جانے کا امکان معدوم ہوگیا۔ ان فٹ قرار دیئے جانے والے تین میں سے دو کھلاڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل تھے، جنہوں نے گزشتہ روز پی ایس ایل فائنل کھیلا۔ جبکہ آج ہی قومی ٹیم کی دبئی روانگی متوقع ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ یہ بتانے سے گریز کررہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بعض کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا یا نہیں۔ حیران کن طور پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کرتے وقت کئی کھلاڑیوں کی فٹنس کو چیک کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔ عمر اکمل، عماد وسیم، محمد حسنین اور یاسر شاہ کی فٹنس پر سوالات اٹھ رہے ہیں لیکن ابھی تک یہ طے نہیں ہوا ہے کہ ان کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا یا نہیں۔ پی سی بی اس بارے میں لاعلم ہے کہ پاکستان ٹیم کی متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ان چاروں کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا یا ان کھلاڑیوں کو خاموشی سے کلین چٹ دے دی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment