لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو پاکستان جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مئی میں باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد پوری ہو جائے گی اور پی سی بی انتظامیہ نے باسط علی کی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سابق کپتان یونس خان کو طویل مدت کیلئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔پی سی بی چیئرمین احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی سی بی بھارتی طرز پر جونیئر ٹیم کا کوچ لانا چاہتا ہے۔ راہول ڈریوڈ طرز کے فارمولے پر یونس خان کو سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کی دہری ذمے داری سوپنی جائے گی۔یونس خان کے قریب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یونس خان سے ابھی بورڈ کے کسی ذمے دار نے اس بارے میں رابطہ نہیں کیا ہے تاہم بورڈ کے کئی اہم لوگوں نے بالواسطہ یونس خان سے رابطے کئے ہیں۔
٭٭٭٭٭