سانحہ پمز: لاوارث نومولود کی میت ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے،امدادی رقم بھی دی جائے گی

نومولود کی پیدائش 21 جون کو ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر 15 سالہ کم عمر ماں بچے کو چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی

August 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پمز میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے ایک لاوارث نومولود کی میت والدین کی عدم دستیابی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردی گئی۔

پمز ذرائع کے مطابق نومولود کی پیدائش 21 جون کو ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر 15 سالہ کم عمر ماں بچے کو چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے کسی جانب سے شکایت درج نہیں کرائی گئی، جس کے باعث کم عمر ماں کی تلاش بھی شروع نہیں کی جاسکی۔ بچے کی والدہ تاحال لاپتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پمز کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مجموعی طور پر 14 بچوں میں سے 13 کی میتیں ان کے والدین کے حوالے کردی گئیں، جبکہ ایک نومولود کی میت والدین کی عدم موجودگی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کی گئی۔

وزارت صحت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق لاوارث نومولود کی میت کی تدفین اور دیگر ضروری امور ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے انجام دیے جائیں گے۔