راولپنڈی: ڈاکٹروں نے 5 سالہ بچے کا کٹا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا

کامیاب آپریشن کے بعد ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی، جسے طبی ٹیم نے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

August 30, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا (فیس بک)

فوٹو سوشل میڈیا (فیس بک)

راولپنڈی: ہولی فیملی ہسپتال میں ڈاکٹروں نے پانچ سالہ بچے کے مکمل طور پر کٹے ہوئے ہاتھ کو کامیابی سے دوبارہ جوڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم سے تعلق رکھنے والے پانچ سالہ بچے کا ہاتھ ایک حادثے کے دوران جسم سے مکمل طور پر الگ ہوگیا تھا، جس کے بعد اسے 28 اگست کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
ہسپتال پہنچنے پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے فوری طور پر بچے کا معائنہ کیا اور کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جوڑنے کے لیے پیچیدہ ری پلانٹیشن سرجری کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹرز نے مائیکرو ویسکیولر سرجری کی جدید تکنیک استعمال کرتے ہوئے ہاتھ کی خون کی شریانوں، رگوں اور دیگر اہم بافتوں کو انتہائی باریک اور احتیاط سے دوبارہ جوڑا۔
کامیاب آپریشن کے بعد ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی، جسے طبی ٹیم نے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق مکمل طور پر الگ ہونے والے عضو کو دوبارہ جوڑنے کی سرجری انتہائی پیچیدہ ہوتی ہے اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ ماہر سرجنز کی مہارت بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ہولی فیملی ہسپتال میں ہونے والی اس کامیاب سرجری کو راولپنڈی کے سرکاری طبی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔