سوات: سابق امام مسجد مولانا رشید احمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق
مقتول کا تعلق علاقے کے ایک معزز مذہبی خاندان سے تھا اور وہ ماضی میں چپریال بازار کی مرکزی مسجد میں امام کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔
سوات: سابق امام مسجد مولانا رشید احمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق
سوات: تھانہ شہیداں ویئنی کی حدود چپریال میں سابق امام مسجد مولانا رشید احمد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مغرب کے وقت پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے مولانا رشید احمد ولد امیر محمد کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کا تعلق علاقے کے ایک معزز مذہبی خاندان سے تھا اور وہ ماضی میں چپریال بازار کی مرکزی مسجد میں امام کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل مولانا رشید احمد سے منسوب ایک مبینہ نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی، جس کے بعد علاقے میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ واقعے کے بعد مقامی سطح پر جرگہ بھی منعقد ہوا تھا، جس میں انہیں علاقے سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تفتیشی ٹیم اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا قتل کا تعلق کسی سابقہ تنازع، مبینہ ویڈیو کے معاملے یا کسی ذاتی دشمنی سے ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تاحال قتل کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔