نوازشریف نے اصلاحات کے لیے 100 روزہ منصوبہ وزیراعظم آزادکشمیر کو سونپ دیا
افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق نے پارٹی صدر سے ملاقات کی
نوازشریف نے اصلاحات کے لیے 100 روزہ منصوبہ وزیراعظم آزادکشمیر کو سونپ دیا
صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے آزاد کشمیر میں پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو سونپ دیا۔صحت و تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن کے مطابق ،پارٹی صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق نے ملاقات کی۔ افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق نے اظہار اعتماد پر پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
پارٹی قیادت نے وزیر اعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق کے لئے نیک تمنائیں اور مبارکباد پیش کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زوردیا۔
اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا۔انہوں نے پنجاب کی طرح آزاد کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت دی۔ان کا کہناتھاکہ حکوکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عام شہریوں تک پہنچائے جائیں۔
نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صحت، تعلیم، صفائی اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی گذشتہ دنوں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17 ویں وزیراعظم منتخب ہو ئےتھے۔