لاہور جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ، 70 افراد بحفاظت نکال لیے گئے
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ چھت میں نصب بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے
file photo
لاہور: لاہور کے جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ لگنے کے باعث ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے فوراً بعد حاملہ خواتین سمیت تقریباً 70 افراد کو احتیاطی طور پر عمارت سے باہر منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ چھت میں نصب بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کسی مریض یا حاملہ خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم ایک سیکیورٹی گارڈ کی طبیعت متاثر ہوئی۔
متاثرہ گارڈ کو فوری طور پر لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گارڈ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آگ پر قابو پانے کے بعد ہسپتال کے متعلقہ حصے کا جائزہ لیا گیا جبکہ واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔