اسلام آباد،جی14/3 میں مکان کی چھت گرگئی،ایک شخص جاں بحق،ایک زخمی
جاں بحق شخص کی عمر 20 سال جبکہ زخمی کی عمر 65 سال بتائی جارہی ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)
اسلام آباد/راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں شدید بارش نے معمولات زندگی متاثر کردیئے، مختلف علاقوں میں نشیبی بستیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر جی-14/3 میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جی-14/3 کی پرانی آبادی میں بارش کے دوران مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو ملبے سے نکالا۔
حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق جاں بحق شخص کی عمر 20 سال جبکہ زخمی کی عمر 65 سال بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بعض مقامات پر 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ شمس آباد میں بارش کا مجموعی حجم 201 ملی میٹر تک پہنچ گیا۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں گھروں اور اہم شاہراہوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ مختلف مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگ گئیں۔
انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ راول ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ پانی کے دباؤ کو کم کیا جاسکے۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو، ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی اور نکاسی آب کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور نشیبی علاقوں یا پانی سے بھری سڑکوں کا رخ نہ کریں۔