نیپرا کی کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری بند کرنے کی ہدایت

نیپرا نے کے الیکٹرک کو لائن لاسز پر اجتماعی سزا دینے سے روک دیا ہے۔

September 1, 2026 · قومی
نیپرا کی کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری بند کرنے کی ہدایت

نیپرا کی کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری بند کرنے کی ہدایت

نیپرا نے بجلی صارفین کو بلاتعطل فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کو سخت احکامات دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے واضح کیا ہے کہ لائن لاسز اور ریکوری کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے، جبکہ نقصانات کی بنیاد پر کسی فیڈر کی بجلی بند کرنے کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔ نیپرا نے کہا کہ بجلی چوری یا نادہندگی کی سزا باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین کو نہیں دی جا سکتی، باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ کے الیکٹرک پر تمام صارفین کو بلاامتیاز بجلی فراہمی کی قانونی ذمہ داری عائد ہے۔

نیپرا نے بجلی چوری اور نقصانات کے تدارک کیلئے متبادل اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نادہندہ اور بجلی چوری میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے، پورے فیڈر کی بجلی بند نہ کی جائے۔ نیپرا نے بجلی چوروں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن اور قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون بڑھانے کا حکم دے دیا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کو نقصانات میں کمی کیلئے مرحلہ وار اور وقت مقررہ منصوبہ تیار کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔