لاہور میں بغیر لائسنس کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند، چیکنگ سخت

کارروائی کے دوران بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 108 ٹرالیاں پکڑی گئیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔

September 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے لاہور کے داخلی راستوں پر کمرشل اور بڑی گاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق شہر میں داخل ہونے والی کمرشل گاڑیوں کے لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ کی جارہی ہے۔ بغیر لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حامل کمرشل گاڑیوں کو لاہور میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

سی ٹی او کے مطابق کارروائی کے دوران بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 108 ٹرالیاں پکڑی گئیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی 210 بڑی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق بغیر لائسنس ہیوی مشینری چلانے والے 16 ڈرائیورز کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ داخلی راستوں پر چیکنگ کا مقصد غیر قانونی اور غیر محفوظ کمرشل ٹرانسپورٹ کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جان و مال کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔