پاک بحریہ کی اہم مشق سی سپارک 2026 کا کراچی میں آغاز

مشق کا مقصد روایتی اور جدید بحری خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔

September 2, 2026 · قومی
پاک بحریہ کی اہم مشق سی سپارک 2026 کا کراچی میں آغاز

پاک بحریہ کی اہم مشق سی سپارک 2026 کا کراچی میں آغاز

کراچی: پاک بحریہ کی اہم بحری مشق سی سپارک 2026 کا کراچی میں آغاز ہوگیا۔ مشق کا مقصد روایتی اور جدید بحری خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔

مشق کی افتتاحی بریفنگ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خطے کے غیر مستحکم اور پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں پاک بحریہ اپنی آپریشنل تیاریوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔

نیول چیف نے بدلتی ہوئی جنگی صورتحال کے تناظر میں تینوں مسلح افواج کے درمیان مضبوط مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انفارمیشن ڈومین کو بھی جدید جنگ میں اہم قرار دیتے ہوئے اس شعبے میں مؤثر تیاریوں کی ضرورت اجاگر کی۔

سی سپارک 2026 کے دوران مختلف نوعیت کے بحری خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشق میں پاک بحریہ کے جنگی جہاز، آبدوزیں، ہوائی جہاز، ڈرونز، پاک میرینز اور اسپیشل آپریشنز فورسز حصہ لے رہی ہیں۔

مشق کے دوران پاک آرمی اور پاک فضائیہ بھی مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، جس کا مقصد تینوں مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا دورہ بھی کیا اور جاری آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فلیٹ یونٹس میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کرکے ان کے عزم اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا۔

پاک بحریہ کے مطابق سی سپارک 2026 جدید بحری جنگ کے مختلف شعبوں میں آپریشنل برتری برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔