کراچی میں ایف آئی اے کا ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

September 2, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ اور مبینہ ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی کراچی کے ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹینشن کے علاقے سن سیٹ لین میں ایک نجی بینک کے قریب کی گئی۔ کمرشل بینکس سرکل کراچی کی ٹیم نے مبینہ غیر قانونی کرنسی کے لین دین میں ملوث افراد کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران محمد نعمان، ذیشان جاوید شیخ، منصور اور ملیحہ ناز ہاشمی کو گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 25 ہزار امریکی ڈالر، 4 کروڑ 70 لاکھ ایرانی ریال اور 50 ہزار پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک سوزوکی آلٹو گاڑی اور 5 موبائل فونز بھی تحویل میں لیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق موبائل فونز سے مبینہ ہنڈی حوالہ لین دین سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد بھی ملے ہیں، جن کا جائزہ لے کر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

گرفتار ملزمان، برآمد شدہ کرنسی اور دیگر سامان کو ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی منتقل کردیا گیا، جبکہ قانونی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مبینہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں، مالیاتی روابط اور مرکزی کرداروں کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ، ہنڈی حوالہ اور دیگر غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔