راولپنڈی: سی سی ڈی کا جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ، سب انسپکٹر شہید
پولیس ٹیم اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سب انسپکٹر عدنان غیور کو سر میں گولی لگی
راولپنڈی: سی سی ڈی کا جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ، سب انسپکٹر شہید
راولپنڈی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس مقابلے میں سی سی ڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ٹیم ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ایک ملزم کا تعاقب کر رہی تھی۔ ملزم کا سراغ ملنے پر پولیس اہلکار تھانہ چکلالہ کی حدود میں کیو کے ہائٹس، سفاری فیز ون کے قریب پہنچے۔
حکام کے مطابق پولیس ٹیم اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سب انسپکٹر عدنان غیور کو سر میں گولی لگی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کردی۔
پولیس حکام کے مطابق مقابلے اور فائرنگ کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔