13 سالہ اریبہ طیب کے نالے میں ڈوبنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی

قریب موجود بچوں نے اسے بچانے کی کوشش میں اس کی جانب دوڑ لگائی، تاہم پانی کی شدت کے باعث بچی بہتے ہوئے نالے میں جاگری۔

September 2, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا(x(

فوٹو سوشل میڈیا(x(

راولپنڈی کے علاقے نیو گلزار قائد میں 13 سالہ اریبہ طیب کے برساتی پانی میں بہہ کر نالے میں ڈوبنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے بچی کی تلاش کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔

سی سی ٹی وی مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بارش کے دوران بچی گلی میں موجود تھی کہ اچانک پھسل کر برساتی پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آگئی۔ قریب موجود بچوں نے اسے بچانے کی کوشش میں اس کی جانب دوڑ لگائی، تاہم پانی کی شدت کے باعث بچی بہتے ہوئے نالے میں جاگری۔

ریسکیو 1122 کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے گزشتہ روز تقریباً 10 کلومیٹر کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ کے دوران لائن سرچ، بوٹ سرچ اور بینک سرچ سمیت مختلف طریقہ کار اختیار کیے گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں، تربیت یافتہ تیراکوں اور کشتیوں کی مدد سے بھی نالے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ نالے میں پانی کا بہاؤ تقریباً 70 کیوسک جبکہ گہرائی 5 سے 10 فٹ تک بتائی گئی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں مسلسل مختلف مقامات پر تلاش کر رہی ہیں اور بچی کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔