کراچی میں رات گئے 8 مبینہ پولیس مقابلے،12 ملزمان گرفتار،2 ہلاک

مقابلے کے بعد 2 ملزمان ہادی اور آصف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا۔

September 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی میں گزشتہ رات پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں 11 زخمی حالت میں تھے، جبکہ 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ایف بی انڈسٹریل ایریا، نیو کراچی، شاہراہ نور جہاں، نارتھ کراچی، رحمانیہ موڑ، قیوم آباد، لانڈھی اور سمن آباد سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے ہوئے۔

ایف بی انڈسٹریل ایریا میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان ہادی اور آصف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا۔

نیو کراچی سیکٹر 11-I میں بھی پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزمان وسیم اور عمران زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ ان کے قبضے سے پستولیں، گولیاں، مسروقہ موبائل فون اور نقدی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

شاہراہ نور جہاں کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کے دوران قاسم اور ابوبکر نامی 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوئے۔

نارتھ کراچی سیکٹر 11-C/3 کے قریب مقابلے میں ایک ملزم سلمان عرف بھورا زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس سے پستول اور نقدی برآمد کی گئی۔

رحمانیہ موڑ سیکٹر 3 کے قریب کارروائی میں رضوان اور شعیب عرف فراز کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے پستول، 3 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ موٹر سائیکل کے مبینہ طور پر سرجانی ٹاؤن سے چھینے جانے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

قیوم آباد کے قریب ڈیفنس پولیس سے مبینہ مقابلے میں ملک جہانگیر اور محمد سمیر زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے 2 پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

لانڈھی میں مرتضیٰ چورنگی اور ملیر ندی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں نور سلطان نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سمن آباد، بفرزون میں شاہین فورس تیموریہ اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایس ایس پی سینٹرل محمد عمران کے مطابق مشتبہ ملزمان کا تعاقب کیا جا رہا تھا کہ سمن آباد میں انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے سابقہ جرائم کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف واقعات کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔