کراچی میں مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال،مختلف سڑکوں پر احتجاج، ٹریفک متاثر

کورنگی اور سرجانی روڈ پر مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر راستے بند کردیے، جس سے دفاتر اور دیگر کاموں کے لیے جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

September 3, 2026 · امت خاص
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

کراچی ( اُمت نیوز)کراچی میں جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی کال پر مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس کے باعث بعض اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

صبح کے اوقات میں کورنگی اور سرجانی روڈ پر مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر راستے بند کردیے، جس سے دفاتر اور دیگر کاموں کے لیے جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کی نفری موقع پر پہنچنے کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے اور سڑکوں پر ٹریفک کی بحالی شروع کردی گئی۔ شہر کی بعض دیگر شاہراہوں پر بھی صبح کے وقت ٹریفک معمول سے کم رہی۔

 

ہڑتال کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں متعدد ہوٹل، کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بھی بند رہیں۔ تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی نے یہ ہڑتال پیٹرولیم لیوی، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے معاہدوں اور حکومتی اخراجات کے خلاف کی ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔