آزاد کشمیر کی ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف
آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
آزاد کشمیر کی ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن اور رہنمائی میں آزاد کشمیر کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات اور انتخابی عمل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے دوران وفاقی وزیر کی کارکردگی کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں، اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم، مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر اور ڈیجیٹل معیشت میں مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھانے سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔
ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی منصوبوں کا دائرہ کار بڑھانے اور ان پر شفاف اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ حکومت انہیں تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے منصوبوں کو نوجوانوں کی حقیقی ضروریات کے مطابق مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے اور ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔