سیاسی مقاصد کیلئے کراچی میں بدامنی افسوسناک ہے، شرجیل میمن

احتجاج کی آڑ میں خوف و ہراس پھیلانے اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی

September 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہر میں بدامنی پھیلانا قابل افسوس ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں خوف و ہراس پھیلانے اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں بند کرنے، آگ لگانے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔