موسیٰ کا مصلیٰ سے واپسی پر ریس لگائی، الیگزینڈر پھر نظر نہ آیا،ساتھی
موسیٰ کا مصلیٰ سے واپسی پر دونوں نے الگ الگ راستوں سے نیچے پہنچنے کا فیصلہ کیا اور آپس میں مقابلہ شروع کر دیا۔
فائل فوٹو
مانسہرہ: موسیٰ کا مصلیٰ کی چوٹی سے واپسی کے دوران لاپتہ ہونے والے آئرش شہری الیگزینڈر مارک ہیرس کے ساتھی نے پولیس کو بتایا کہ دونوں نے نیچے پہنچنے کے لیے آپس میں ریس لگائی تھی کہ پہلے کون منزل تک پہنچتا ہے۔
پولیس کے مطابق الیگزینڈر کے ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر نے بیان دیا کہ موسیٰ کا مصلیٰ سے واپسی پر دونوں نے الگ الگ راستوں سے نیچے پہنچنے کا فیصلہ کیا اور آپس میں مقابلہ شروع کر دیا۔
ایلن ڈیوڈ کے مطابق ریس کے دوران الیگزینڈر مارک ہیرس تیزی سے آگے نکل گئے اور کچھ ہی دیر بعد ان کی نظروں سے اوجھل ہوگئے۔
ان کے ساتھی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین تھا کہ الیگزینڈر ان سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے نیچے پہنچ کر ہوٹل پہنچ چکے ہوں گے، تاہم جب وہ ماندا گچھا میں واقع ہوٹل پہنچے تو الیگزینڈر وہاں موجود نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ https://ummat.net/1000209/
ایلن ڈیوڈ نے پولیس کو بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے سوچا کہ الیگزینڈر کچھ دیر بعد واپس آ جائیں گے، اسی انتظار میں وہ آرام کرنے لگے، لیکن بیدار ہونے کے بعد بھی جب وہ واپس نہ آئے تو انہوں نے تلاش شروع کردی۔
بعد ازاں الیگزینڈر کا کوئی سراغ نہ ملنے پر ان کے ساتھی نے مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد نے چار روز تک دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں تلاش جاری رکھی، جبکہ ڈرون کی مدد سے پراچہ کے علاقے میں ایک گہری کھائی سے لاش کی نشاندہی کی گئی۔
حکام کے مطابق الیگزینڈر کی لاش گہری کھائی سے برآمد کر لی گئی ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔