کچرا کنڈی سے ہاتھ پاؤں بندھی 7 ماہ کی بچی اور ڈیڑھ سال کا بچہ برآمد
ایک رکشہ سوار شخص دونوں بچوں کو کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہو گیا۔ معصوم بچوں کو اس حالت میں دیکھ کر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی
فائل فوٹو
جامشورو: صوبہ سندھ کے شہر جامشورو میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں نامعلوم شخص 2 شیر خوار بچوں کو کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہو گیا۔
کچرا کنڈی سے ملنے والے بچوں میں 7 ماہ کی شیر خوار بچی اور ڈیڑھ سال کا کمسن بچہ شامل ہیں، جن کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق ایک رکشہ سوار شخص دونوں بچوں کو کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہو گیا۔ معصوم بچوں کو اس حالت میں دیکھ کر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس دونوں بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر کوٹری تھانے پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق دونوں کمسن بچوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا تھا، معصوم بچوں کو اس بے رحمی سے کچرا کنڈی میں پھینکے جانے کے واقعے نے شہریوں کو بھی افسردہ کر دیا،
تاہم ایک لیڈی پولیس کانسٹیبل نے شیرخوار بچی کو اپنی گود لے لیا، جب کہ ایک شہری شہزاد میمن نے کمسن بچے کو گود لے لیا ہے، اور یوں انھیں بے یار و مددگار رہنے سے بچا لیا۔
پولیس نے بچوں کو کچرا کنڈی میں پھینکنے والے نامعلوم شخص کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔