جناح اسپتال کی لفٹ خراب،ڈاکٹرز اور مریض پھنس گئے

وقفے وقفے سے فنی خرابی پیدا ہو رہی ہے۔ کبھی لفٹ خود چل پڑتی ہے اور کبھی اچانک رک جاتی ہے۔

September 3, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

کراچی: جناح اسپتال کے سرجیکل کمپلیکس میں لفٹ خراب ہونے کے باعث ڈاکٹرز اور مریض تقریباً آدھے گھنٹے تک لفٹ میں پھنسے رہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق سرجیکل کمپلیکس کی مذکورہ لفٹ کئی روز سے خراب ہے اور اس میں وقفے وقفے سے فنی خرابی پیدا ہو رہی ہے۔ کبھی لفٹ خود چل پڑتی ہے اور کبھی اچانک رک جاتی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آج بھی لفٹ مختلف منزلوں کے درمیان اچانک رک گئی، جس کے باعث اس میں موجود افراد تقریباً 30 منٹ تک محصور رہے۔ بعد ازاں لفٹ خود ہی دوبارہ چل پڑی اور لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع ملا۔
طبی عملے کے مطابق صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ ہنگامی مریضوں کو بھی اسی لفٹ کے ذریعے مختلف منزلوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔ بعض اوقات لفٹ مطلوبہ منزل پر رکنے کے بجائے درمیان میں رک جاتی ہے، جس سے مریضوں اور عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ گزشتہ تین روز سے انتظامیہ کو لفٹ کی خرابی سے آگاہ کیا جا رہا ہے، تاہم ان کے مطابق اسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ لفٹ اس کے انتظامی دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔

ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر لفٹ کی خرابی فوری طور پر دور نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرجیکل کمپلیکس کی لفٹ پیف کی زیر نگرانی ہے، اس لیے اس کی مرمت اور دیکھ بھال سے متعلق معاملات براہِ راست اسپتال انتظامیہ کے اختیار میں نہیں ہیں۔